ملکی سلامتی کیلئے مسلح افواج کے کارنامے بے مثال ہیں .علامہ سید ساجد علی نقوی

IQNA

ملکی سلامتی کیلئے مسلح افواج کے کارنامے بے مثال ہیں .علامہ سید ساجد علی نقوی

14:39 - September 09, 2015
خبر کا کوڈ: 3360935
بین الاقوامی گروپ: اس وقت پاکستان داخلی اور خارجی لحاظ سے شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ ایک طرف سرحدوں پر ازلی دشمن جارحیت دکھا رہا ہے تو دوسری طرف ملک کے اندر ملک دشمن سفاک دہشت گرد، ٹارگٹ کلر اور بدامنی پھیلانے والے عناصر سرگرم عمل ہیں

ایکنا نیوز- شفقنا-شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے دفاع کے لئے پاک فوج نے ماضی میں جو کارنامے اور خدمات انجام دی ہیں، وہ ہمیں اس بات کی طرف متوجہ کرتے ہیں کہ ہم ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں، لیکن ہماری توجہ اس نکتے کی طرف بھی مرکوز رہنی چاہیے کہ اگر پاک فوج اپنے پیشہ وارانہ فرائض تک محدود رہے تو وہ بہترین انداز سے پاکستان کا دفاع اور ملکی سلامتی کا تحفظ کرسکتی ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس وقت پاکستان داخلی اور خارجی لحاظ سے شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ ایک طرف سرحدوں پر ازلی دشمن جارحیت دکھا رہا ہے تو دوسری طرف ملک کے اندر ملک دشمن سفاک دہشت گرد، ٹارگٹ کلر اور بدامنی پھیلانے والے عناصر سرگرم عمل ہیں۔ ضرب آپریشن کے کامیاب آپریشن کا دائرہ ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کے مثبت اثرات ظاہر ہوئے ہیں، اسی طرح نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد بھی ملکی مفاد میں ہے، تاہم انتظامیہ کی طرف سے ظالم و مظلوم اور قاتل و مقتول کی تمیز کئے بغیر بیلنس کی ظالمانہ اور غیر منصفانہ پالیسی کے نتیجے میں معاشرے کے عزت دار، معزز اور امن پسند لوگوں کی بلاجواز گرفتاریاں تشویش ناک ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ان حالات میں حکمرانوں اور ملکی دفاع و سلامتی کے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں موجود بحرانوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ملکی سلامتی، قومی یکجہتی کو مقدم خیال کرتے ہوئے سرحدوں کے دفاع کو باہم متحد ہوکر یقینی بنایا جائے، عوام کو امن و سکون کی فراہمی، انکے مذہبی حقوق اور شہری آزادیوں کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے دفاع پاکستان کی جنگ میں شہید ہونے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت اور تمام غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ اپنے اندر وحدت و اتحاد پیدا کریں اور ہر قسم کے فرقہ وارانہ، مسلکی، فروعی، لسانی، گروہی اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر اسلام اور پاکستان کو اپنی پہلی ترجیح قرار دے کر خدمت کا عہد کریں۔

49743

نظرات بینندگان
captcha