حکومت کا حج کے لیے ای ویزا سروس متعارف کروانے پر کام شروع

IQNA

حکومت کا حج کے لیے ای ویزا سروس متعارف کروانے پر کام شروع

12:53 - February 13, 2019
خبر کا کوڈ: 3505736
بین الاقوامی گروپ-سعودی حکام سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر بنانے کی درخواست بھی کی جائے گی۔

ایکنا نیوز-(اُردو پوائنٹ) : حکومت نے حجاج کرام کی آسانی اور سان کو سہولت فراہم کے لیے ای ویزا سروس متعارف کروانے کی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ سعودی حکام سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر بنانے کی درخواست بھی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حج سبسڈی ختم کرنے پر موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے حج اسکیم برائے سال 2019ء متعارف کروادی ہے۔

اس اسکیم کے تحت سعودی حکام نے پاکستان کو 5 ہزار حجاج کا اضافی کوٹہ تفویض کیا ہے۔ اس کے ساتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کو بھی مفت حج کرنے کی سہولت نہیں دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے ''روڈ ٹو مکہ'' نامی پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز بھی کیا گیا ہے اور سعودی عرب میں داخلے کے بعد حاجیوں کو پیش آنے والی مشکلات کے سدِ باب کے لیے حکومت نے سعودی حکام سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر بنانے کی درخواست بھی کی ہے۔

 

 

علاوہ ازیں موجودہ حکومت حج 2019ء کے لیے ای ویزا سروس متعارف کروانے کے لیے بھی سعودی حکومت سے بات چیت کررہی ہے۔ رواں برس پہلی مرتبہ حج پروازوں میں 10 ہزار نشستیں 80 سال کی عمر سے زائد کے حجاج کرام کے لیے مختص کی گئی ہیں جس میں 80 سال کے ایک مرد حاجی اور ان کے معاون جبکہ 80 سال عمر کی خاتون کے ساتھ ان کی خاتون معاون اور ایک مشترکہ محرم شامل ہوں گے۔

اگر اس قسم کے درخواست گزاروں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہوئی تو عمر کے اعتبار سے برتری کو فوقیت دی جائے گی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستا کے دوران جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے ہوں گے وہاں پر وزارت مذہبی امور کے حکام کی طرف سے پاکستان کے حج کوٹہ میں مزید اضافے کی در خواست کی جا ئے گی۔

رواں برس پانچ ہزار کا اضافی کوٹہ وزارت مذہبی امور کو دیا گیا ہے تاہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران ان سے مزید 10 ہزار حاجیوں کے لئے کوٹے کی اپیل کی جائے گی۔پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں سفری اور رہائشی سہولیات کے حوالے سے بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ عمرہ ادائیگی کے لئے سعودی حکومت کی طرف سے عائد کیے گئے گئے دو ہزار ریال کے ٹیکس کی معافی کے بارے میں بھی سعودی ولی عہد سے خصوصی درخواست کی جائے گی۔

نظرات بینندگان
captcha