نیوزی لینڈ دہشت گردی: واقعے میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

IQNA

نیوزی لینڈ دہشت گردی: واقعے میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

18:58 - March 16, 2019
خبر کا کوڈ: 3505873
بین الاقوامی گروپ-نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والی دہشت گردی میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی۔

ایکنا نیوز-ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد 9 پاکستانیوں کی گمشدگی کی اطلاعات ملی تھیں، جن میں سے 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی۔

پاکستانی سفارت کار کا کہنا تھا کہ شہدا میں محبوب ہارون اور ان کے بیٹے طلحہ ہارون، نعیم رشید، سہیل شاہد، سید جہانداد علی اور سید اریب علی شامل ہیں۔

ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ذیشان رضا اور ان کے والد کی تفصیلات کچھ دیر میں جاری کی جائیں گی، انہوں نے مزید بتایا کہ شہدا کے ناموں کی فہرست متاثرہ مسجد کے پیش امام نے پڑھ کر سنائی۔

اس سے قبل دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والے 4 پاکستانیوں میں سے ایک کی تفصیلات جاری کی تھیں۔

بعدازاں ترجمان دفتر خارجہ نے مزید ٹوئٹس کر کے تمام لاپتہ پاکستانیوں کے ناموں سے آگاہ کیا جس کے مطابق حملے میں ہارون محمود، ذیشان رضا ان کے والد اور والدہ شامل تھے۔

اس کے علاوہ سہیل شاہد، اریب احمد، جہاں داد علی جبکہ نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ نعیم میں لاپتہ پاکستانیوں کی فہرست میں موجود تھے۔

نیوزی لینڈ مساجد پر حملہ

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود 2 مساجد النور مسجد اور لین ووڈ میں حملہ آوروں نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں نمازی، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس افسوسناک واقعے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

فائرنگ کے وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد پہنچی تھی تاہم فائرنگ کی آواز سن کر بچ نکلنے میں کامیاب رہی اور واپس ہوٹل پہنچ گئی۔

نظرات بینندگان
captcha