داعش سے تعلق پر نورین لغاری کی سندھ یونیورسٹی سے رجسٹریشن منسوخ

IQNA

داعش سے تعلق پر نورین لغاری کی سندھ یونیورسٹی سے رجسٹریشن منسوخ

13:39 - May 22, 2019
خبر کا کوڈ: 3506154
بین الاقوامی گروپ-سندھ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے دوسرے طلبہ کے لیے خطرہ قرار دے کر 2017 میں داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی طالبہ نورین لغاری کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق  نورین لغاری 10 فروری 2017 کو لاپتہ ہوگئیں تھیں، تاہم ان کے والد ڈاکٹر جبار لغاری نے ان کے بازیابی کی اپیل کی تھی۔

بعدازاں میں یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ نورین لغاری نے اپنی مرضی سے داعش میں شمولیت اختیار کرلی تھی، تاہم لاہور میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے بعد انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

پولیس کی تحویل میں آنے کے بعد نورین لغاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرپرستی میں بحالی سینٹر میں رکھا گیا۔

 

طالبہ کے اہل خانہ نے اس کی بازیابی کے بعد اس کی مزید تفصیلات میڈیا کو نہیں بتائیں جبکہ اس نے لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ میڈیکل اینڈ سائنسز (ایل یو ایم ایچ ایس) میں رواں برس مارچ تک اپنا داخلہ منسوخ ہونے تک ایم بی بی ایس کی تعلیم جاری رکھی۔

اس حوالے سے ایل یو ایم ایچ ایس کے رجسٹرار نے ڈان کو بتایا کہ نورین لغاری نے 22 فروری کو اپنی رجسٹریشن منسوخ کروانے سے متعلق درخواست جمع کروائی تھی، جسے یکم مارچ کو منظور کرلیا گیا۔

اس کے بعد نورین لغاری نے شعبہ انگریزی میں داخلے کے ٹیسٹ دیا تھا جس میں کامیابی کے بعد ان کی جامعہ میں عبوری رجسٹریشن کردی گئی تھی۔

تاہم جامعہ کی انتظامیہ کے سامنے یہ بات آئی کہ یہ وہی لڑکی ہے جس نے دو سال قبل داعش میں شمولیت اختیار کرلی تھی تو اسے سندھ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے سامنے لایا گیا۔

 

انتظامیہ نے لڑکی کے خلاف مخصوص انتظامی اور داخلہ پالیسی کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔

سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ نورین نے مطلوبہ دستاویزات جمع نہیں کروائے تھے، اسی لیے داخلہ لینے والوں کی حتمی فہرست میں ان کا نام موجود نہیں تھا، انہوں نے اپنی شناخت چھپائی اور یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ ایل یو ایم ایچ ایس کی طالبہ تھیں۔

وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ 'ایل یو ایچ ایم ایس اکیڈمی کونسل کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد کالعدم تنظیم کے ساتھ مبینہ روابط کے الزام میں ان کا داخلہ منسوخ کیا گیا۔'

نظرات بینندگان
captcha